|

وقتِ اشاعت :   October 30 – 2021

کالعدم تنظیم کے لاہور سے اسلام آباد جانے والے مارچ کے شرکا نے وزیر آباد میں دھرنا دے رکھا ہے،  شہر کے داخلی راستوں پررینجرز تعینات  کردی گئی ہے اور  وزیرآباد آنے جانے والا تمام ٹریفک روک دیا گیا ہے۔

وزیرآباد میں آمدورفت معطل  ہے اور جگہ جگہ رکاوٹیں اور کنٹینر موجود ہیں، راستوں کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے ، وزیر آباد سےگجرات جانے والے راستے بھی بند ہیں، سرائے عالمگیر اور جہلم کے درمیان جی ٹی روڈ خندقیں کھودکر بند کردیا گیا ہے۔

موجودہ صورت حال کے باعث راولپنڈی اور لاہور کے درمیان ٹرین آپریشن آج کے لیے معطل کردیا گیا ہے، پشاور سے کراچی جانے والی خیبرمیل اور راولپنڈی اور کراچی کے درمیان تیزگام کو بھی آج معطل کیا گیا ہے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفرایکسپریس کو آج معطل کردیا گیا ہے ،گرین لائن کو بھی راولپنڈی اور لاہور کے درمیان آج کے روز معطل کیا گیا ہے، پاکستان ایکسپریس کو راولپنڈی اور کراچی کے درمیان دونوں اطراف سے آج کے لیےمعطل کیا گیا ہے۔

ترجمان ریلوے کا کہنا ہےکہ باقی تمام ٹرینیں اپنے معمول اور روٹ کے مطابق چل رہی ہیں۔