|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2021

خضدار: آل پارٹیز شہری ایکشن خضدار کے چیئرمین ایڈوکیٹ عبدالحمید بلوچ نے کونسل ممبران یونس گنگو، عبدالحمید کھیازئی اور شیر احمد قمبرانی کے ہمراہ شمالی کانک کا دورہ کیا اور بسیمہ تا خضدار N-30 کے متاثرین سے ملاقات کی۔اس موقع پر متاثرین نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نوٹس دی گئی ہے کہ اپنے رہائشی مکانات خالی کردو یہاں سے روڈ بنے گا۔۔شمالی کانک میں زیادہ تر لوگ مزدور پیشہ ہیں اور انہوں نے بڑی مشکلوں سے زمین خرید کر اپنے بچوں کو چھت فراہم کی ہے۔گوکہ ہمیں معاوضہ دینے کی یقین دھانی کرائی گئی ہے۔

لیکن یہ طے نہیں ہوا ہے کہ ہمارے تیار مکانات اور دکانوں کے لیئے کتنا معاوضہ دیا جائیگا۔ایسے میں جبکہ ہمیں معاوضہ نہیں دیاگیا کہ ہم کسی متبادل جگہ پر زمین خرید کر اپنے بچوں کو منتقل کریں اس سے پہلے ہمیں کہا جارہا ہے کہ مکانات فوری طور پر خالی کیئے جائیں۔۔۔ہم زمین دینے سے انکاری نہیں ہیں لیکن ہمیں معقول معاوضہ فوری طور پر ادا کی جائے تاکہ ہم اپنے لیئے متبادل بندوبست کرسکیں۔اس موقع پر آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین و دیگر ممبران نے شمالی کانک کے متاثرین کو یقین دھانی کرائی کہ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی متاثرین کے ساتھ ہے اور معاوضوں کا معاملہ صرف کانک کے متاثرین تک محدود نہیں بلکہ کودہ اور گریشہ سے لیکر نال و فیروزآباد تک تمام متاثرہ زمیندار اور رہائشی معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی کہ معاوضہ کی فراہمی کے حوالے سے معاملات طے ہونے سے قبل لوگوں کے رہائشی مکانات منہدم کرے۔جب تک لوگوں کو معقول معاوضہ فراہم نہیں کیا جاتا کسی طور پر اس کی اجازت نہیں دی جائیگی کہ وہ لوگوں کے رہائشی مکانات خالی کرکے ان کے بچوں کے سر سے چھت چھین لے۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی این ایچ اے N-30 سیکشن کے متاثرین کے ساتھ ہے اور معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر پر تیس نومبر سے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے تمام متاثرین کو چاہیے کہ وہ مسائل کے حل کے لیئے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے احتجاج میں شامل ہوں۔