|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2022

نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کو آرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی) نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں 26 افراد کے جاں بحق اور11  کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔

این ایف آر سی سی کے مطابق 14 جون سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 1290 ہو گئی، جن میں 570 مرد، 259 خواتین اور 453 بچے شامل ہیں، جبکہ مختلف حادثات میں 12588 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ 24 جون سے اب تک بلوچستان میں ایم 8 موٹر وے پر وانگو ہلز کے 24 کلومیٹر سیکشن پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے۔

بلوچستان میں 31، گلگت بلتستان میں 6 اور خیبر پختونخوا میں 17 اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں۔

پنجاب میں 3 اور سندھ میں 23 اضلاع قدرتی آفت سے متاثرہ قرار دیے گئے ہیں۔

این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 80 اضلاع بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

آزاد کشمیر میں 53 ہزار 700،بلوچستان میں 91 لاکھ 82 ہزار 616 شہری متاثر ہوئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 43 لاکھ 50 ہزار490، گلگت بلتستان میں 51 ہزار 500 شہری متاثر ہوئے ہیں۔

این ایف آر سی سی کے مطابق پنجاب میں 48 لاکھ 44 ہزار 253 اور سندھ میں 1 کروڑ 45 لاکھ 63 ہزار 770 شہری متاثر ہیں۔

ملک بھر میں 3 کروڑ 30 لاکھ 46 ہزار 329 شہری بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

قومی شاہراہ این 50 کو ساگو پل سے ملانے کے لیے دونوں جانب سے کام جاری ہے، قومی شاہراہ مدین این 95 بحرین اور لائیکوٹ کے درمیان بلاک ہے، قومی شاہراہ این 55 میہڑ جوہی نہر سے خیرپور ناتھن شاہ تک ڈوبی ہونے کے باعث بند ہے۔

اس کے علاوہ سیلاب اور بارشوں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ریلوے نیٹ ورک بھی متاثر ہے، کوئٹہ تافتان اور کوئٹہ سبی اور سبی سے حبیب کوٹ تک ریلوے ٹریک بند ہے۔

این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ حیدرآباد سے روہڑی اور ملتان تک ریلوے ٹریفک متاثر ہے، سندھ میں کوٹری سے لکھی شاہ اور دادو تک ریلوے لائن متاثر ہے جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے سروے کے لئے 29 ٹیمز مصروف عمل ہیں۔