|

وقتِ اشاعت :   September 5 – 2022

عدلیہ مخالف بیانات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

وکیل سلیم اللہ خان نے ذاتی حیثیت میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار کل درخواست پر سماعت کریں گے۔

درخواست کے ساتھ فواد چوہدری کے مختلف بیانات کا ٹرانسکرپٹ بھی منسلک ہے، درخواست گزارکا کہنا ہےکہ فواد چوہدری نے ایڈیشنل سیشن جج زیباچوہدری کے خلاف توہین آمیزبیان دیا۔

درخواست گزار کا کہنا ہےکہ فواد چوہدری نےکہا کہ عمران خان کو توہین عدالت میں سزا ممکن نہیں وہ پاپولر لیڈر ہیں، درخواست میں فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنےکی استدعا کی گئی ہے۔