|

وقتِ اشاعت :   September 13 – 2022

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری حل نہیں ہے، سیاست اور جلسے، جلوس کرنا ان کا استحقاق ہے اور انہیں وہ سب کرنے دینا چاہیے جو وہ کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے سکھر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ عمران خان جو کچھ کر رہے ہیں وہ صحیح معنوں میں سیاست نہیں ہے اور سب جانتے ہیں کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے وہ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں، تاہم، وفاقی وزیر نے سابق وزیراعظم کی گرفتاری کی مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کسی کو نہیں چھوڑا، انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور ملک کے بہت سے دوستوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین جو کچھ کر رہے ہیں ان کی رائے میں یہ سیاست نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال میں انتخابات کا انعقاد تقریباً ناممکن ہے، اس لیے ہی شیڈول کردہ ضمنی انتخابات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان میں غیر معمولی بدترین بارشیں اور بڑے پیمانے پر تباہی مچانے والا ہلاکت خیز سیلاب موسمیاتی تبدیلیوں کا اثر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ کئی دیگر ممالک بھی موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ موسمیاتی تبدیلیاں مستقبل میں بھی ان ممالک پر اثر انداز ہوتی رہیں گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے، اس لیے ملک کو اس بحران سے نکلنے کے قابل بنانے کے لیے اس کی امداد کی جانی چاہیے۔