|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2022

خاران:پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما ء سابق گورنر بلوچستان و سابق وفاقی وزیر جنرل ر عبدالقادر بلوچ نے بلوچستان کے موجودہ سیلابی صورتحال پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے بلوچستان کے کئی متاثرہ علاقے اب بھی سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

جن کی بحالی کیلئے وفاق اور صوبائی گورنمنٹ کی طرف سے زبردست پیکج کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ اور دیگر ممالک کا مشکل حالات میں پاکستان کے ساتھ امداد کرنا خوش آئند بات ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بلوچستان کو اپنا گھر سمجھتا ہوں بلوچستان بشمول رخشان زون کو جب حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے اپنے لپیٹ میں لے لیا، تو بلوچستان کا مواصلاتی نظام درہم برہم،سڑکیں ٹوٹ پوٹ کا شکار اور رستے بند پڑے تھے تب کء مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے بائے روڑ بلوچستان کے کء متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے خاران پہنچا۔

خاران بشمول رخشان زون کے سیلاب متاثرین کے گھر گھر جا کر انہیں تسلی دی انکی دلجوئی کی۔ کیوں کہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے کافی مایوس کن ماحول پیدا کیا تھا متاثرین کے سمجھ میں یہ نہیں آ رہا تھا کہ یہ کیا ہو رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آج میں خود پے فخر محسوس کرتا ہوں کہ میں مشکل حالات میں بلوچستان بشمول رخشان زون کے متاثرین کے ساتھ ذاتی تعاون کر کے اپنے قوم کے کام آیا۔ کیوں کہ یہ وقت سیاست نہیں بلکہ خدمت و کمک کا تھا اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کو لے کر جتنا جد و جہد کرنا پڑا انشا اللہ کرتے رہیں گے۔