|

وقتِ اشاعت :   October 3 – 2022

اسلام آباد بار  ایسوسی ایشن نے خاتون جج سے متعلق توہین عدالت کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی سے منسوب قرارداد کی وضاحت کی ہے۔

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر متعلقہ افراد نے اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا نام استعمال کیا، اسلام آباد بار نے عمران خان سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ من گھڑت نوٹس کو قرارداد بناکر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا نام استعمال کیا گیا، اسلام بار ایسوسی ایشن جھوٹی قرارداد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

اسلام آباد بار کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن قانون کی بالادستی، آئین کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کی بقا پر یقین رکھتی ہے، ایسوسی ایشن سیاسی جماعتوں کی بقا اور سیاسی جماعتوں کے وجود پر یقین رکھتی ہے اور اس کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔