|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2022

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر الزام لگایا ہے کہ عمران خان اپنے خلاف زیرالتوا مقدمات اور سزا سے بچنے کے لیے ریاستی اداروں میں انتشار بھیلانے چاہتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں شہباز شریف نے عمران خان کے آڈیو کلپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی آڈیو لیکس نے ریاستی اداروں کے خلاف سازش کو بے نقاب کردیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سفارتی سائفر میں ترمیم ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، قومی سلامتی کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقبول رہنما ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ قانون سے مستثنیٰ ہوجائیں، قانون سب کے لیے برابر ہے۔

وزیراعظم نے عمران خان کی ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے کی مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو چور رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے وہ سزا سے بچنے کے لیے ریاستی اداروں کو بدنام کررہا ہے، عوام میں بدامنی پھیلانے کے بعد سازشی (عمران خان) ریاستی اداروں میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب وفاقی کابینہ نے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی آڈیو لیکس پر تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی، ایف آئی اے حکام پر مشتمل کمیٹی سائفر کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے الزام پر عمران خان کے خلاف تحقیقات کرے گی۔

عمران خان کے حقیقی آزادی کے لیے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے اعلان کے حوالے سے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ریڈ زون کا دفاع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ عمران خان اور ان کے حامی اس بات سے بے خبر ہیں کہ اگر انہوں نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی تو ان کا کیا حال ہو گا۔