|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2023

گوادر : امیر جماعت اسلامی پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہیں، صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے یہاں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں، سیکورٹی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بلوچستان میں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں وزیراعلیٰ اپنے کابینہ سمیت کرپشن اور بھتہ خوری میں مصروف ہیں دوسری جانب صوبے میں سیکورٹی کی صورتحال انتہائی مخدوش ہوچکی ہے۔

مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی و قتل و غارت کی وجہ اسمبلی میں بیٹھے مجرموں کے سرپرست اور سہولتکار ہیں جو اپنے مفاد اور مقاصد کے لئے قتل و غارت کا بازار گرم رکھتے ہیں لیکن عوام اب ان کو پہچان چکے ہیں اور ان کے احتساب کا وقت آگیا ہے۔