|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2023

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء نوابزادہ جمال رئیسانی سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان بابر یوسف زئی ،کوارڈینیٹر موسیٰ جان اچکزئی نے ملاقات کی ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ہفتے کو نوابزادہ جمال رئیسانی سے وزیراعلیٰ کے ترجمان بابر یوسف زئی اور کوارڈینیٹر موسیٰ جان اچکزئی نے ملاقات کی۔

اس موقع پر صوبے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا نواب زادہ جمال خان رئیسانی نے کہاکہ صوبے میں تمام سیاسی جمہوری قوتوں کو نوجوانوں کی فلاح وبہبود ،روزگار کے مواقعوں ،تعلیم اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے یک آواز ہوکربات کرناہوگی تاکہ آنے والی نسلوں کی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی اور صوبے کی بہتری کیلئے استعمال کیاجاسکے انہوں نے کہاکہ خوش آئند امر ہے کہ آج بلوچستان میں نوجوان نسل سیاسی سوچ اور فکر کے ساتھ میدان عمل میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

نوجوانوں کی مثبت سوچ ہی بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے اس موقع پر ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان بابر یوسف زئی اور کوارڈینیٹر موسیٰ جان اچکزئی نے جمال خان رئیسانی کو یقین دلایاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے اٹھائے گئے ہر مثبت اقدام میں وہ ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔