|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2023

کوئٹہ:  پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء چیف آف جھالاوان وسابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ژوب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلے پر ہو نے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا کہ ملک ایک بڑے سانحہ سے بچ گیاہے،سراج الحق کے قافلہ پر دھماکہ کے ذمہ دارون کو فی الفور گرفتار کرکے کٹہرے میں لایا جائے ۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اپنے جا ری کردہ ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ امیرجماعت اسلامی سراج الحق کے قافلہ پر بم حملہ بزدلانہ اور افسوسناک عمل ہے قومی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا مقصد ملک میں افراتفری پیدا کرنا ہے ۔نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ شکر ہے دھماکہ میں سراج الحق اور انکے رفقاء محفوظ رہے ملک ایک بڑے سانحہ سے بچ گیا ۔

انہوں نے ژوب دھماکہ میں جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین سے ہمدری کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرے ۔ انہوں نے کہاکہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے قافلہ پر دھماکہ کی فوری تحقیقات کر وایا کر ذمہ دارون کو فی الفور گرفتار کرکے کٹہرے میں لایا جائے۔