|

وقتِ اشاعت :   June 21 – 2023

تربت: ملک آباد کے عوام کا بجلی کے لیے ریلی اور ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے مظاہرہ، چار دنوں کے بعد بجلی بحال کردی گئی۔

ملک میں عوام نے بدھ کی صبح ایک بار پھر احتجاج کرتے ہوئے سڑک بند کردی اور کیسکو کے خلاف نعرہ بازی کی۔ بعدازاں عوام کی بڑی تعداد نے آل پارٹیز کیچ کے کنوینر غلام یاسین اور حق دو تحریک کے مرکزی وائس چیئرمین یعقوب جوسکی کی سربراہی میں ریلی نکال کر ڈپٹی کمشنر کیچ کی آفس تک مارچ کیا۔ ریلی کے شرکاء نے اس دوران کیسکو کی نااہلی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ریلی کے شرکاء نے ڈپٹی کمشنر کیچ کی آفس کے سامنے دھرنا اور ملک آباد میں بجلی کی سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ ریلی کے شرکاء سے آل پارٹیز کیچ کے کنوینر غلام یاسین اور یعقوب جوسکی نے خطاب کیا اور چار دنون سے گرمی کے عالم میں بجلی بند کرنے کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے کیسکو پر دباؤ ڈال کر بجلی کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا، بعدازاں کیسکو نے عوامی دباؤ پر ملک آباد میں چار دنوں کے بعد بجلی بحال کردی۔