|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2023

گوادر: ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلمپنٹ اتھارٹی مجیب الرحمٰن قمبرانی نے منگل کے روز گوادر کے تاریخی ورثہ اور ثقافتی مقامات کی بحالی و تحفظ کے تعمیراتی کام دورہ کیا اور ترقیاتی کام کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر چیرمین منیجمنٹ بورڈ برائے نوادرات و آثارقدیمہ سندھ و ممتاز و معروف آرکائیولوجسٹ ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری بھی ہمراہ تھے انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کو گوادر کی تاریخی ورثہ اور ثقافتی مقامات کی تاریخ اور مستقبل میں گوادر کی ترقی کے پس منظر میں انکے اہمیت سے متعلق آگاہی فراہم کی اور انکی تعمیر و مرمت، تزین و آرا اور بحالی و تحفظ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ گوادر کے تمام تاریخی ورثہ کو بحال کرکے انکی تحفظ کی جائیگی تاکہ انکی اپنی تاریخی اہمیت وحیثیت برقرار رہے۔

ابتدائی مرحلہ میں چار پادگو، تار آفس،شاہی بازار، اسماعیلیہ محلہ اور عمانی فورٹ کی تعمیر و مرمت پر کام جاری ہے۔

تاریخی ورثہ کی بحالی کے بعد ان مقامات کو تفریحی، علمی، فنی اور آرٹ اکیڈمی جیسے مقاصد کیلیے استمعال میں لایا جائیگا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے نے کہا کہ گوادر کی تاریخی و ثقافتی مقامات کئی عرصے سے خستہ حالت میں تھے۔ انکی بحالی و تحفظ کو شہر کی ترقی کے ساتھ شامل کیا گیا ہے جو کہ اولڈ ٹائن بحالی منصوبہ کے حصہ ہیں۔

گوادر کی تاریخ اور ثقافتی پہلو کو اجاگر کرکے محفوظ بنایا جائیگا تاکہ باہر سے آنے والے سیاح اور نسل نو یہاں کی تاریخ اورثقافتی مقامات کی بنیادی اہمیت سے آشنا ہوں۔