|

وقتِ اشاعت :   August 25 – 2023

خضدار : وڈھ میں ہْو کا عالم ہے۔ دوطرفہ فائرنگ و بڑے ہتھیاروں کے استعمال سے وڈھ تحصیل خوف و ہراس سے دوچار، اور کرفیو کا منظر پیش کررہاہے آج این 25 شاہراہ پر گولیوں کی تڑتڑا ھٹ نے ٹریفک کو ناکارہ بنا کر رکھ دیا، ایک درجن سے زائد گاڑیاں نشانہ بنے، ٹائر برسٹ ہوگئے، مسافر اور ڈرائیورز بھوک و افلاس کے شکار زندگی کے کربناک لمحات سے دوچار ہیں، حکومتی رٹ کا دور دور تک نام و نشان ناپید ہے تفصیلات کے مطابق وڈھ میں تین مہینوں سے جاری کشیدگی میں گزشتہ دو ہفتوں سے تیزی آگئی ہے۔

دو طرفہ فائرنگ و گولہ باری سے بازار بند، لوگ نقل مکانی پر مجبور اور خوف و ہراس کا عالم ہے۔ اب تک متعدد افراد زخمی و جاں بحق ہوچکے ہیں قومی و نجی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

آج قومی شاہرہ پر گولیاں برستی رہیں آمدہ اطلاعات کے مطابق چھوٹی اور بڑی گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی جس سے ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع ملی ہے۔قومی شاہراہ پر نہ کوئی شاپ اور نہ کوئی ہوٹل کھلا ہے جس کی وجہ سے سفر کرنے والے گاڑی مالکان اور مسافر بے حد کرب کے حالات سے دوچار ہیں گاڑیوں کا نقصان الگ، سفر کا رک جانا الگ اور پھر بھوک و افلاس اوپر سے زندگی کو خطرات لاحق یہ سب پریشانیاں ان پر امنڈ آئی ہیں ناکردہ گناہ کی سزا بے چارے مسافر مہمانوں کو مل رہی ہے۔

صورتحال بہت نازک اور علاقہ کربلا کا منظر پیش کررہاہے۔ قومی شاہراہ کے قریب والے رہائشیوں میں سے بیشتر تو پہلے سے ہی نقل مکانی کرچکے ہیں مذید نقل مکانی کررہے ہیں بہت سارے انٹرنل سڑکیں بھی بند ہیں عوام کو خوراک اور راشن پہنچانے میں دقت کا سامنا ہے ایسے میں حکومتی رٹ کا نام و نشان تک نظر نہیں آرہاہے اور علاقے میں عوام کو زندگی سراب محسوس ہورہی ہے جب کہ این 25 شاہراہ پر ٹریفک بھی رکی ہوئی ہے۔ کسی کو نہیں معلوم کل کیا ہوگا اگلے ہفتے کیا ہوگا غیر یقینی صورتحال غیر معینہ مدت کے لئے اڑدھے کی طرح منہ کھولے کھڑی ہے۔