|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2023

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہاہے کہ بولان میں اراضیات کے تنازعات کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے ۔

دوسری جانب ان تنازعات کے سبب لسانی نفرتیں جنم لے رہی ہیں جو کہ نیک شکون نہیں ہے جس طرح وڈھ اور دشت گوران کے مقام پر بھی مسلح قبائل ایک دوسرے کے خلاف مورچہ زن ہیں۔.

اور روزانہ فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ان علاقوں میں ریاست کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ہے ایسے مسائل و مشکلات میں ریاست کی اہم زمہ داری بنتی ہے کہ وہ امن و امان کے لیے موثر اقدام اٹھائے۔ پارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان کسی قسم کی خانہ جنگی قبائلی و لسانی منافرت کا متحمل نہیں ہوسکتا اس طرح کی صورتحال میں سے مخصوص گروہ کے مفادات تو وابستہ ہوسکتے ہیں ۔

مگر مجموعی طور پر خطے اور عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔ پارٹی ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں جبکہ قبائلی عمائدین علما کرام سادات سے گزارش ہے کہ وہ اس قسم کے خونی تصادم سے لوگوں کو بچانے کے لیئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔