|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2023

کوئٹہ:نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے قائم مقام افغان کونسل جنرل مولوی گل حسن کی ملاقات کی۔ملاقات میں پاک افغان تعلقات افغان مہاجرین کے مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں اتفاق کیاگیاکہ دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں کے عوام کا مزہب زبان اور ثقافت ایک جیسی اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔

اس موقع پرافغان قونصل جنرل نے کہاکہ نئی قائم ہونے والی افغان حکومت پاکستان کے ساتھ مضبوط اور خوشگوار تعلقات پر یقین رکھتی ہے۔ پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کا فروغ افغانستان کی نئی حکومت کی ترجیحی پالیسی ہے۔ وزیراعلی سے ملاقات کا مقصد سرحدی معاملات اور تجارت کے فروغ کے ساتھ ساتھ افغان مہاجرین کے مسائل اجاگر کرنا ہے۔

طویل عرصہ سے افغان مہاجرین کی مہمانداری پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں۔ افغان قونصل جنرل کی صوبے کی مختلف جیلوں میں قید افغان باشندوں کے مسائل کی نشاندہی اور حل کی درخواست کی۔جس پر نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ برادر ملک افغانستان اور پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام کے درمیان صدیوں پر محیط تعلقات ہیں۔

مسلمان اور ہمسائیہ ہونے کے ناطے افغان مہاجرین کی خیال داری ہمارا فرض ہے۔ افغان قونصل جنرل کی جانب سے قیدیوں سمیت اٹھائے گیئے دیگر مسائل وفاقی حکومت کے سامنے رکھیں گے۔ قوانین اور وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق صوبائی حکومت تمام مسائل کے حل کے لیئے افغان قونصلیٹ سے مکمل تعاون کریگی۔