|

وقتِ اشاعت :   September 14 – 2023

پرتگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور دیگر غیر ملکی فٹبالرز کو ایران آنے پر مخصوص سِم کارڈ دیے جانے کے بارے میں غور کیا جارہا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ خصوصی سم کارڈ اس لیے فراہم کرنے کا سوچا جارہا ہے تاکہ یہ کھلاڑی باآسانی انٹرنیٹ استعمال کرسکیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی فٹبال کلب النصر اگلے ہفتے ایران کے دارالحکومت تہران میں ایرانی فٹبال کلب کے ساتھ اے ایف سی چیمپئنز لیگ کا میچ کھیلنے آئے گا۔

 

ایرانی فٹبال کلب کے صدر رضا درویش نے سرکاری ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ہمیں بدنام کرنا چاہتے ہیں جو فٹبالرز سے کہتے ہیں کہ ایران نہ جائیں کیونکہ وہاں ان کے پاس انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہوگی۔

دوسری جانب اس معاملے پر  ایرانی شہریوں کا مؤقف ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کو ایسی خدمات پیش کرنا اپنے لوگوں کی توہین اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک ہوگا کیونکہ مقامی شہری مکمل انٹرنیٹ پر رسائی حاصل نہیں کرسکتے۔

واضح رہے کہ ایران میں انٹرنیٹ پر بہت زیادہ پابندیاں عائد ہیں، وہاں متعدد ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کردیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق لاکھوں ایرانی باقاعدگی سے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (VPN) کا استعمال کرتے ہیں جو  صارفین کے مقام کو چھپاتے ہیں لیکن حکام نے گزشتہ سال سے ان ٹولز پر بھی بہت زیادہ پابندیاں لگا دی ہیں۔