|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2023

کوئٹہ: نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم انوارلحق کاکڑ نے اقوام متحدہ میںہندوستان کا چہرہ بہترین انداز میں بے نقاب کیا ہے۔

دنیا کو اب پتہ چل گیا ہے کہ بھارت ایک دہشتگرد ملک ہے،امریکی وزراء کہہ رہے ہیں کہ اب بھارتی کو سیریس لیا جائیگا ،حکومت بلوچستان وزیراعظم کے موقف پر ڈٹ کر کھڑی ہے ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو محکمہ تعلقات عامہ کے دفتر میں نگراں صوبائی وزیر جمال رئیسانی اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ تعلقات عامہ کامران اسد کے ہمراہ پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔

نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ پہلی مر تبہ بلوچستان کے سپوت نگراں وزیر اعظم انوار الحق کا کڑ نے اقوام متحدہ میں بھارت کا کشمیر میں غاصبانہ قبضہ اور کینیڈا کے شہری کے قتل کا معاملہ اٹھا کر پاکستان اور بلوچستان کے عوام کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت طویل عرصہ سے بلوچستان میں بھی ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے اور بلوچستان میں معصوم انسانی جانوں کے قتل کا ذمہ دار ہے۔ بھارتی دہشتگر دکلبوشن یادیو کو گرفتار کیا گیا۔ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی کاروائیاں کینیڈا سمیت پوری دنیا میں پھیل چکی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو وزیر اعظم انوار الحق کا کڑ نے بے نقاب کر دیا ہے دنیا بھارتی ریاستی دہشت گردی کو کینیڈین شہریوں کے قتل عام کے بعد سمجھنے پر مجبور ہو گئی ہے ۔

حکومت بلو چستان اور بلوچستان کے عوام نگراں وزیر اعظم انوار الحق کا کڑ کے دلیرانہ موقف کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نگراں وزیر اعظم کے خلاف پروپیگنڈ ہ شروع کر دیا گیا ہے عوام پروپیگنڈ ے پراپنے کان نہ دھریں ۔اس موقع پر نگراں صوبائی وزیر جمال رئیسانی نے کہا ہے کہ پی سی بی کیوں بلو چستان کے اسپورٹس جرنلسٹس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے بلوچستان نے پاکستان کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل ایونٹس کو کور کرنا بلو چستان کے اسپورٹس جر نلسٹس کاحق ہے ، بلو چستان کے اسپورٹس جرنلسٹس نے ہمیشہ سر پر کفن باندھ کر سپورٹ ایونٹس کو کرور کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل میں بھی بلو چستان کے صحافیوں کو نظرانداز کیا گیا۔

پی سی بی جواب دے کہ وہ کیوں ایسا ناروا سلوک بلوچستان کے صحافیوں کے ساتھ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے میدان میں کسی بھی صورت سفارش قابل قبول نہیں ہو گی کسی کو اسپورٹس جرنلسٹس کے ساتھ زیادتی کرنے نہیں دینگے۔