|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2023

کوئٹہ : پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمودخان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہر قوم کی اپنی زبان اور ثقافت ہے ہر انسان کو اپنی ثقافت سے پیار ہوتا ہے۔

پاکستان تاریخ کے نازک ترین دورسے گزررہاہے ۔ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ دن بدن بدحالی کی طرف جا ر ہا ہے ۔

ملک کی سیاسی جماعتوں نے اچھے اتحاد کامظاہرہ نہیں کیا ۔ اوروہ مصلحت کا شکار ہوئیں ۔ پی ڈی ایم بننے کے بعد نواز شریف بہترین لیڈر کی حیثیت سے ابھرے ۔ پتہ نہیں شہباز شریف نے کیوں کہا کہ پچھلے تیس سال سے اسٹیبلشمنٹ کا تحفظ کر رہا ہوں ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں آئین کی بالادستی ہو ۔ ہر ایک آئین کو تسلیم کرے کیونکہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتون کلچر ڈے کے موقع پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار میں منعقدہ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان ، عبدالرحیم زیارتوال، کبیر افغان، سید عبدالخالق آغا، حاجی عمر قریش، راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ، ولیم برکت سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک اور قوم کے وسیع تر مفاد میں تمام پالیسیاں بناکر ان پر عملدرآمد کیا جائے اس کے علاوہ خارجہ اور داخلہ پالیسیاں آزاد ہونی چاہئیں ۔

نگران حکومت اورالیکشن کمیشن کا کام ہے کہ وہ ملک میں صاف اور شفاف آزاد الیکشن کا انعقاد بروقت یقینی بنائے تاکہ ملک میں جاری سیاسی بحران پر قابو پایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کا بحران انتہائی شدت اختیار کرچکا ہے اگر اس کے تدارک کے لئے کوئی موثر اقدام اور پالیسی نہ اپنائی گئی تو نقصان ہوگا اس لئے بحران کو کوئی ایک ادارہ یا حکومت حل نہیں کر سکتے ۔اس کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کوملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کوصحیح ٹریک پر لانے کے لئے ایک مشترکہ فریقین کی کانفرنس بلائی جائے ۔

جس میں تمام شرکاء اپنی شرکت کو یقینی بناکر اپنی تجاویز دیں اور ان کی روشنی میں پاکستان اور قوم کو درپیش بحرانوں اور مسائل سے نکالنے کے لئے حکمت عملی اپناتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ آگے بڑھ سکیں۔

پاکستان میں مہنگائی انتہائی شدید ہیں عوام کو روٹی نہیں ملتی تو حکمرانی کا حق کسی کو نہیں ۔ ہمارا بس چلے تو مہنگائی کے خلاف تحریکیں چلائیں نجات کا واحد راستہ جمہوریت شفاف الیکشن اور حکمرانی ہے ۔ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دورسے گزررہاہے ۔

اس لئے ملک کو اس نازک ترین وقت سے نکالنے کے لئے ہم سب نے ملکر کوشش کرنا ہوگی تاکہ نقصان سے بچایا جاسکے۔