|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2023

کوئٹہ : بلوچستان سکھ کمیونٹی کی جانب سے چیئرمین سردار جسپیر سنگھ کی قیادت میں ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے کینیڈا میں قتل ہونے والے خالصتان تحریک کے سکھ رہنماہردیپ سنگھ کے قتل کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ۔

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جسپیر سنگھ اور دیگر رہنماں کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گردی آج دنیا بھر میں بے نقاب ہوچکی ہے جس طرح انڈین دہشت گرد (را) نے ہردیپ میجر سنگھ کو قتل کرایا اس کے تمام شواہد کینیڈین حکومت نے دہشت گرد بھارتی حکومت اور ارباب اختیار کو دیئے۔

اور دنیا کے سامنے اس کا دہشت گردانہ چہرہ بے نقاب کیا ان کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم سے مسلمان اور سکھ برادری محفوظ نہیں بھارتی دہشت گردی کے خلاف عالمی ادارے تحقیقات کریں۔

تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کرکے اس کے خلاف کارروائی کی جائے بھارت پر امن خالصتان تحریک کو نقصان پہنچانے کے لئے ہردیپ سنگھ کو قتل کرایا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے بھارت پہلے پاکستان اور بلوچستان میں بھی دہشت گردانہ کارروائیاں کرواتا رہا ہے اب وہ ان کارروائیوں کا دائرہ کار کینڈا تک لے گیا ہے۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔