|

وقتِ اشاعت :   October 25 – 2023

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے آج 24ویں میچ میں آسٹریلیا کے بیٹرز نے نیدرلینڈز کے بولرز کی جم کر دھلائی کر دی، جیت کیلئے 400 رنز کا ہدف دے دیا۔

دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں  آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 399 رنز بنائے، وارنر 104 اور میکسویل 106 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس کے علاوہ  اسٹیو اسمتھ نے 71 اور لبوشین نے 62 رنز بنائے جبکہ جوش انگلش 14، مچل مارش9 اور کیمرون گرین 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، پیٹ کمنز 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے لوگن وین بیک نے10 اوورز میں 74 رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بیس ڈی لیڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ لی۔

میکسویل نے ورلڈکپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی

نیدرلینڈز کے خلاف میکسویل نے 40گیندوں پر 8چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ورلڈکپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنائی۔

انہوں نے نیدرلینڈز کے خلاف 44 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلوی بیٹر کی اننگز میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم کے پاس تھا جنہوں نے رواں ورلڈکپ میں ہی سری لنکا کے خلاف 49 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

ٹاس کے موقع پر پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کےلیے اچھی لگ رہی ہے،ٹیم میں ایک تبدیلی ہے ، مارک اسٹوئنس میچ نہیں کھیلیں گے۔

دوسری جانب ہالینڈ کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے،ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

واضح رہے کہ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کی چوتھی پوزیشن ہے جب کہ نیدرلینڈز ساتویں پوزیشن پر براجمان ہے۔