|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2024

تربت:نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ عوام نے نیشنل پارٹی کو ووٹ دیا لیکن مقتدرہ نے الیکشن کمیشن اور آر اوز سے ساز باز کرکے الیکشن نتائج تبدیل کئے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز تربت میں نیشنل پارٹی کے ریجنل سیکرٹریٹ میں ضلعی و تحصیل کونسلوں کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں بلوچستان کے عوام کو ووٹ کا حق نہیں دیا گیا، نیشنل پارٹی نے انتہائی سخت اور مشکل حالات میں الیکشن لڑا، الیکشن مہم کے دوران پارٹی رہنما سینیٹر کہدہ اکرم دشتی اور لالہ رشید پر قاتلانہ حملے ہوئے، پارٹی کے مرکزی اور ضلعی قائدین کے گھروں پر حملے کئے گئے، سخت اور مشکل حالات کے باوجود ورکروں نے جرات،

بہادری اور ایمانداری سے پولنگ اسٹیشنوں میں پارٹی مینڈیٹ کا دفاع کیا اور فارم 45 وصول کئے لیکن مقتدرہ نے آر او اور الیکشن آفیسروں سے ساز باز کرکے فارم 47 میں ہمارے جیتے ہوئے امیدواروں کو ہرایا، انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے،

ہمارے اکابرین نے آمریت کے خلاف جدوجہد کی ہے، 21 ویں صدی جمہوریت کی صدی ہے، عوام کی حق حکمرانی کے لئے کارکنوں کو جمہوری مزاحمتی جدوجہد کرنی ہوگی، اجلاس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن ریجنل سیکرٹری برائے مکران ابوالحسن بلوچ، مرکزی رہنما میر حمل بلوچ،ضلعی صدر مشکور انور ایڈووکیٹ، ضلعی جنرل سیکرٹری فضل کریم، سابق ضلعی صدر محمد طاہر، ضلعی نائب صدر طارق بابل، بجار خان، یونس جاوید، محمد اقبال، محمد حیات، سرتاج گچکی، عبدالواحد، اعجاز احمد جوسکی، عبدی خان، عبداللہ بلیدی اور ایم سلیم نے خطاب کیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے رہنما نے کہا کہ این اے 259 گوادر/ کیچ میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، پی بی 25 میں جان محمد بلیدی، پی بی 27 میں لالہ رشید، پی بی 28 میں میر حمل اور پی بی 44 میں حاجی عطاء￿ محمد بنگلزئی کامیاب ہوئے لیکن نیشنل پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا

نگران حکومت نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملکر بلوچستان کے عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کیا، انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی جانب سے الیکشن میں مداخلت کے نتائج منفی ہوں گے، بلوچستان کے عوام کو ووٹ کا حق نہ دینے کے خلاف احتجاجی تحریک چلائیں گے،

اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر محمد نور، کہدہ عزیز دشتی، حمید دشتی، حاجی شوکت دشتی، حاجی یاسین، حاجی اسلم، کہدہ محمد نور اور جمال مری، حفیظ علی بخش سمیت نیشنل پارٹی کے ضلعی و تحصیل اراکین نے شرکت کی۔