|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2024

تربت: چیرمین میونسپل کمیٹی تمپ چار کونسلر کے ہمراہ فارغ۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان نے سیاسی وفاداری کی تبدیلی پر بلوچستاں عوامی پارٹی کے نوٹس پر ایکشن لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی تمپ کے چیئرمین محمد امین قریش اور ان کے ہمراہ چار دیگر منتخب کونسلرز کو فارغ کردیا۔

امین قریش بلدیاتی الیکشن میں باپ پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے جب کہ بعد میں انہوں نے پارٹی بدل کر نیشنل پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ باپ پارٹی کی درخواست پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 ترمیم شدہ 2023 کے تحت سیاسی وفاداری کی تبدیل پر انہیں فارغ کردیا۔ ذرائع کے مطابق امین قریش اس فیصلے کے خلاف اسٹے آرڈر لے سکتے ہیں جس کے بعد وہ اپنی مدت پوری کرنے کے لیے اہل ہوں گے۔