|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2024

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم نے پچھلی دو دہائیوں سے ثابت قدمی سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ قوم نے پاکستان کے مخالفین کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے، ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف لڑیں گے۔

آرمی چیف نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں نے ایک بار پھر ریاست اور پاکستانی عوام کی لچک اور حوصلے کو کم سمجھا ہے۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان، اس کے عوام اور ان کے مہمانوں پر بری نظر ڈالنے والے ہر دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے۔