کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار محکمہ خزانہ میں 111 سرکاری آسامیوں پر سو فیصد میرٹ اور پیپر لیس بنیادوں پر آن لائن بھرتیوں کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، جو صوبے میں شفاف طرزِ حکمرانی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ امیدواروں سے ایک ہی روز آن لائن ٹیسٹ لیا جائے گا، مکمل شفافیت کے ساتھ قابلیت کی جانچ ہوگی اور کامیاب امیدواروں کو صرف ایک گھنٹے کے اندر تقرری لیٹر جاری کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جدید اور اصلاحاتی نظام کا آغاز محکمہ خزانہ سے کیا جا رہا ہے جو مرحلہ وار بلوچستان کی تمام سرکاری نوکریوں پر نافذ کیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انہوں نے بلوچستان کے عوام سے پہلے ہی دن یہ دوٹوک وعدہ کیا تھا کہ نہ نوکریاں بیچی جائیں گی اور نہ ہی کرپشن یا اقرباء پروری برداشت کی جائے گی، اور آج اس وعدے کی عملی تکمیل کے لیے شفافیت کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ میرٹ، شفافیت اور عوام سے کیا گیا وعدہ ہی ان کی حکمرانی کی بنیاد ہے، اور صوبے میں ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے ایک منصفانہ، بااعتماد اور جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔