مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 15 مسافر زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اورماڑہ کے درمیاں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کا شکار ہونے والی العثمان نامی مسافر کوچ کراچی سے جیونی جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکران کوسٹل ہائی وے پر پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر گوادر کو ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لیے ایمبولینس سروس مہیا کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔
میر سرفراز بگٹی نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مکران کوسٹل ہائی وے حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعے کی مکمل انکوائری کا حکم دیا ہے۔