|

وقتِ اشاعت :   February 1 – 2026

 

راولپنڈی/کوئٹہ: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دو دنوں تک جاری رہنے والے بھرپور آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 133 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنہ الہندوستان کے غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردوں نے بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی۔ دہشت گردوں نے 31 جنوری کو صوبے کے مختلف شہروں بشمول کوئٹہ، مستونگ، نوشکی، دالبندین، خاران، گوادر اور پسنی میں بزدلانہ کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور مزدوروں سمیت 18 شہری شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے ناکام بنائے اور 3 خودکش بمباروں سمیت 92 دہشت گردوں کو موقع پر ہلاک کر دیا، جس کے بعد دو دنوں میں ہلاک ہونے والے مجموعی دہشت گردوں کی تعداد 133 ہو گئی ہے۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران پاک فوج کے 15 جوانوں نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ حملے سرحد پار بیٹھے سرغنوں کی ایما پر کیے گئے، جن کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔