جنوبی لبنان میں لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں میں سارجنٹ فرسٹ کلاس ماہر خطار اور ایک دوسرا فوجی شامل ہے جس کا نام بعد میں جاری کیا جائے گا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق واقعہ جنوبی لبنان میں ایک فوجی چوکی کے قریب پیش آیا جو اسرائیلی سرحدی بستی منارا کے سامنے واقع ہے۔
ابتدائی فوجی تحقیقات کے مطابق علاقے میں کارروائی کے دوران ایک پیوما بکتر بند گاڑی کو نکالنے کے لیے فوج نے ایک اور پیوما بکتر بند گاڑی اور دو ڈی 9 بکتر بند بلڈوزر بھیجے۔
فوج کے مطابق بلڈوزروں میں سے ایک کو ایک گولہ لگا جو ممکنہ طور پر اینٹی ٹینک میزائل یا مارٹر تھا جس سے آگ بھڑک اٹھی اور دونوں فوجی ہلاک ہو گئے، اس واقعے میں ایک افسر معمولی زخمی بھی ہوا۔