کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا، مکانات کی چھتیں گرنے سے بچی سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ،خاران ،واشک،خضدار،کیچ ،تربت، پنجگور، آوران ، چاغی، نوشکی، زیارت، چمن، ژوب،موسیٰ خیل،بارکھان،سبی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پشین، ہرنائی،قلات ، مستونگ، گوادر، جیوانی، پسنی اوراورماڑہ میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاسلسلہ جاری رہا اس دوران ۔ اس دوران چند مقامات پرموسلادھار بارش ژالہ باری کے ساتھ ساتھ خاران ،تربت،کیچ،، نوشکی، پنجگور اور گردونواح کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاو میں اضافہ ہوگیا ۔
بارشوں اور ژالہ باری کے باعث متعدد علاقوں میں مکانات کی چھتیں گرنے سے کوہلو میں ایک شخص زخمی جبکہ ہرنائی میں کائنات نامی بچی زخمی ہوگئی ۔ واقعات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا جبکہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں راشن بھی تقسیم کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج جمعرات کو صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ، زیارت، چمن، ژوب،موسیٰ خیل،بارکھان،سبی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پشین، ہرنائی،قلات ، مستونگ میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ صوبے کے شمالی اضلاع میں درمیانی سے تیز بارش بھی ہوسکتی ہے۔