کوئٹہ:ضلع پشین کے علاقے میں فائرنگ سے قتل کیے جانے والے تین افراد کے لواحقین نے قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا، انتظامیہ اور پولیس سے مذاکرات کے بعد لواحقین نے احتجاج ختم کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو پشین کے علاقے یارو میں تنازعہ پر فائرنگ سے قتل کیے جانے والے باپ بیٹی سمیت تین افراد کے لواحقین نے قومی شاہراہ پر لاشوں کے ہمراہ دھرنا دے دیا
لواحقین نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کے گرفتاری کے لیے مربوط اقدامات اٹھائے جائیں ۔دھرنے کی اطلاع ملتے ہی کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ڈی آئی جی پولیس کے ہمراہ لواحقین سے مذاکرات کیے اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ قاتلوں کو تین دن کے اندر گرفتار کیا جائیگا۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، بعدازاں حکام کی یقین دہانی پر لواحقین نے میتیں اٹھا کر احتجاج ختم کردیا۔
دریں اثناء معاون برائے وزیر داخلہ بابر یوسفزئی نے ایک بیان میں کہا کہ فائرنگ سے تین افراد کے قتل پر وزارت داخلہ بلوچستان نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پشین کو واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور چوبیس گھنٹے میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدا یت کردی ہے ۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی متاثرہ خاندان کے غم میں شریک ہیں ، صوبے میں امن و امان ہر قیمت پر برقرار رکھا جائیں گا ۔
Leave a Reply