بلوچستان حکومت کی جانب سے ایندھن کے غیر ضروری استعمال اور کفایت شعاری منصوبے پر عملدرآمد کیلئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں جن کا مقصد وسائل کے غیر ضروری استعمال کا تدارک اور عوام پر معاشی بوجھ کو نہ پڑنے دینا ہے۔
سرکاری پروٹوکول کم کرنے کے ساتھ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کے خلاف سخت احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت قومی کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں سرکاری وسائل کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لیے متعدد سخت فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر متعلقہ افراد کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی فوری واپسی یقینی بنائی جائے گی۔
اس ضمن میں سابق گورنرز، سابق وزرائے اعلیٰ، سابق وزراء ، سابق اراکین اسمبلی، ریٹائرڈ افسران اور دیگر غیر مجاز افراد سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کی ہدایت جاری کی گئی، خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت دی کہ تمام سرکاری گاڑیوں کا جامع آڈٹ کیا جائے اور ایندھن کی فراہمی صرف تصدیق شدہ اور مجاز گاڑیوں تک محدود رکھی جائے۔
اجلاس میں 2005 سے پرانی سرکاری گاڑیوں کی مرحلہ وار نیلامی اور گاڑیوں کی ریشنلائزیشن کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ دفتری اوقات کے بعد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی تاہم سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت لازمی ہوگی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
تمام سرکاری گاڑیوں میں ٹریکرز کی تنصیب کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ طے پایا کہ بغیر اجازت سرکاری گاڑیاں صوبے سے باہر لے جانے پر پابندی عائد ہوگی۔
اندرون شہر سرکاری گاڑیوں کی نقل و حرکت کو سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر واضح کیا کہ عوامی وسائل کے ضیاع کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا ،انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری اور غیر مجاز استعمال کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ حکومتی وسائل کا درست اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
بہرحال بلوچستان میں کفایت شعاری اور ایندھن بچانے کیلئے حالیہ فیصلے خوش آئند ہیں، سابق حکومتی عہدیداران اور آفیسران سے گاڑیوں کی واپسی جبکہ سرکاری گاڑیوں کی غیر ضروری نقل و حرکت کی کڑی نگرانی سے وسائل کی بچت ہوگی ۔
بلوچستان حکومت کے پاس بجٹ محدود ہے لہذا سرکاری وسائل کو شفافیت کے ساتھ استعمال کرنا ضروری ہے تاکہ بچت ہوسکے اور عوام پر مالی بوجھ نہ آئے۔
مت عوام کو زیادہ ریلیف دینے پر اپنے تمام تر وسائل صرف کرے تاکہ غریب عوام کو مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سرکاری پروٹوکول میں کمی اور وسائل کم خرچ کرنے سے عوام میں مثبت پیغام جائے گا، قومی کفایت شعاری پر سختی کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، کوتاہی برتنے اور سرکاری وسائل کے غیر ضروری استعمال پرفوری ایکشن لیا جائے تاکہ کوئی بھی سرکاری عہدیدار غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کرے۔
حکومت بلوچستان کا کفایت شعاری پر سخت عملدرآمد کا فیصلہ، حکومتی وسائل سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت
![]()
وقتِ اشاعت : April 7 – 2026
Leave a Reply