|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2026

بلوچستان کی ترقی کیلئے تعلیم کے شعبے میں اصلاحات اور بہتری لانا موجودہ حالات کا تقاضہ ہے۔
صوبے میں اگر ترقی چاہیے تو تعلیم پر زیادہ سرمایہ کاری کے ساتھ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔
ترقی اور تعلیم ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔
انسانی وسائل پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری اسی بنیاد پر کی جاتی ہے تاکہ وہاں ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہونے کے ساتھ خوشحالی کی راہیں کھل جائیں ۔
سب سے بڑا سرمایہ ہماری نوجوان نسل ہے جنہیں علم کی طرف راغب کرنے کیلئے بہتر مواقع فراہم کرنا ضروری ہے خاص کر نچلی سطح پر تعلیم کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔
یہ خوش آئند عمل ہے کہ بلوچستان میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور اسکولوں کو آباد کرنے کیلئے سرمایہ کاری کی جارہی ہے ،بند اسکولوں کو کھولا جارہا ہے ،سرکاری اسکولوں پر رقم خرچ کی جارہی ہے، لاکھوں بچے اور بچیاں جو اسکولوں سے باہر ہیں انہیں مفت اور بہتر تعلیم کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ،اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پر کی جارہی ہیں جو بلوچستان جیسے صوبے کو پسماندگی سے نکلنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے پر عزم ہیں ،ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں تعلیمی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، ضلع لسبیلہ نے داخلہ مہم میں 100 فیصد ہدف حاصل کرکے صوبے میں مثال قائم کردی۔
لسبیلہ میں 5,556 بچوں کو اسکولوں میں داخل کیا گیا جن میں 2,540 بچیاں بھی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بچوں اور بچیوں کی شرح داخلہ میں اضافہ تعلیمی ترقی اور روشن بلوچستان کی ضمانت ہے۔
تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
بلوچستان میں کوئی اسکول بند نہیں رہے گا، ہر بچہ اسکول میں ہوگا۔
لسبیلہ کی کامیابی دیگر اضلاع کے لیے ایک عملی مثال ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کو داخلہ مہم میں سو فیصد اہداف کے حصول پر شاباشی دی۔
بہرحال ضلع لسبیلہ جو پسماندہ علاقہ شمار ہوتا ہے وہاں سو فیصد داخلہ مہم کی کامیابی انقلابی قدم ہے جس سے تعلیم کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، غریب والدین کو اپنے بچوں اور بچیوں کو مفت و معیاری تعلیم کا موقع میسر آئے گا۔
والدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرائیں اور انہیں ایک شاندار مستقبل فراہم کرنے کیلئے حکومتی اقدامات سے فائدہ اٹھا ئیں۔
ماضی میں بلوچستان میں تعلیم پر خطیر رقم مختص کرنے کے باوجود تعلیم کے شعبے میں خاص بہتری نہیں آئی مگر اب بدلتاہوا بلوچستان نظر آرہا ہے جہاں تعلیم کے ذریعے تبدیلی آرہی ہے جس سے مستقبل میں صوبہ ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا ۔
علم ہی ترقی و خوشحالی کاراستہ ہے امید ہے کہ حکومت بلوچستان تمام اضلاع کے بند اسکولوں کو کھولنے کیلئے مزید اقدامات اور سرمایہ کاری کرے گی تاکہ ہمارے بچے اور بچیوں کامستقبل شاندار ہو۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *