کراچی: نیشنل پارٹی کے ایک وفد نے منگل کے روز کراچی کے ڈپٹی میئر سلمان مراد سے ان کے دفتر واقع کے ایم سی ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی، جس میں لیاری کے اہم مقام میر غوث بخش بزنجو چوک کی خستہ حالی، مرمت اور غیرقانونی تجاوزات کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وفد میں نیشنل پارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل مجید ساجدی اور ممبر سینٹرل کمیٹی سائیں محمد اسلم شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے ڈپٹی میئر کو بتایا کہ لیاری میں قائم میر غوث بخش بزنجو کے نام سے منسوب چوک گزشتہ طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث نہ صرف اس تاریخی مقام کی اہمیت متاثر ہو رہی ہے بلکہ مقامی شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وفد کے اراکین نے نشاندہی کی کہ چوک کے اطراف غیرقانونی تجاوزات کے باعث آمدورفت میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں اور علاقے کی خوبصورتی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چوک کی فوری بنیادوں پر مرمت، صفائی ستھرائی اور تزئین و آرائش کے اقدامات کیے جائیں، جبکہ غیرقانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر سلمان مراد نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میر غوث بخش بزنجو چوک کی بحالی کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے اور متعلقہ محکموں کو اس حوالے سے ہدایات جاری کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ میر غوث بخش بزنجو ایک معتبر اور مدبر سیاسی رہنما تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی جمہوریت کی بحالی، عوامی حقوق کے تحفظ اور اصولی سیاست کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے تاریخی اور قومی اہمیت کے حامل مقامات کی بحالی بلدیاتی اداروں کی ذمہ داری ہے اور ایسے مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ لیاری کے عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
Leave a Reply