|

وقتِ اشاعت :   April 16 – 2026

کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کی بہتری اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے بھرتیوں کے عمل میں شفافیت ، میرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے گریڈ 4 سے 16 کی اسامیوں پر بھرتیوں کے عمل کو آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے عمل میں لائے گی

اور اسٹیجک ریزروز کے لئے گندم نجی شعبے سے خریدنے کے علاوہ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے لئے 3 ارب روپے بطور سیڈ منی اور ایک ارب روپے کے بقایہ جات کے ساتھ ساتھ پہلی ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2026ء اور بلوچستان کلائمیٹ چینج کی پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا

اس موقع پر معاون براے داخلہ بابر یوسفزئی بھی موجود تھے۔

شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان کابینہ کے منعقدہ اجلاس میں عوامی مفاد اور صوبے کی بہتری کے لئے کئے گئے اہم فیصلے جو میڈیا کے توسط سے عوام تک پہنچانا چاہتے ہیں جس میں بلوچستان کلائمیٹ چینج فنڈ کے استعمال سے متعلق جامع پالیسی کی منظوری دی گئی بلوچستان ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے کلائمیٹ چینج فنڈ قائم کیا ہے اگرچہ ماحولیاتی آلودگی میں بلوچستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن اس کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں،

سیلابوں اور قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہمارے عوام ہوتے ہیں اس پالیسی کے نفاذ سے موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے موثر اور منظم اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بلوچستان کی پہلی ایڈوٹائزمنٹ پالیسی 2026ء کی منظوری دی ہے اس پالیسی تحت ڈمی اخبارات کے خاتمے مستند مارکیٹ میں فعال اخبارات کی حوصلہ افزائی اور سوشل میڈیا کو ایک منظم فریم ورک کے تحت شامل کرنے جیسے اقدامات کئے جائیں گے انہوں نے واضح کیا کہ اس پالیسی سے کسی بھی حقیقی میڈیا ہائوس یا صحافی کے مفادات متاثر نہیں ہوں گے بلکہ شفافیت،

میرٹ کو فروغ ملے گا اور کابینہ نے بلوچستان کے بہتر مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے گریڈ 1 سے 4 تک کی بھرتیوں کا عمل متعلقہ اضلاع میں ہوگا اور گریڈ 4 سے لیکر گریڈ 16 سے کم اسامیوں پر بھرتیوں کے عمل کو آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے عملدرآمد کی منظوری دی ہے اس اقدام کا باقاعدہ اطلاع آئندہ مالی سال جون کے بعد کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ زیر التواء بھرتی کیسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے تاکہ روزگار کے مواقع بروقت فراہم کئے جاسکیں

یہ تمام اقدامات بھرتیوں کے عمل میں شفافیت ، میرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانے کے لئے کئے جارہے ہیں شاہد رند نے کہا کہ گندم سے متعلق بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے کابینہ نے وفاقی حکومت کی اس پالیسی سے اتفاق کیا ہے جس کے تحت اسٹرٹیجک ریزروز کے لئے گندم نجی شعبے سے خریدی جائے گی اگر مقامی سطح پر نجی سرمایہ کار اس عمل میں حصہ نہیںلیتے تو وفاقی حکومت سے ایک لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی درخواست کی جائے گی

تاکہ صوبے میں غذائی تحفظ کو یقینی بنایاجاسکے انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کے لئے 3 ارب روپے بطور سیڈ منی اور 1 ارب روپے بقایا جات کی مد میں فراہم کرنے کی منظوری دی ہے اس فنڈ کے ذریعے تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں عوامی فلاح کے منصوبوں کو تقویت دی جائے گی انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے یہ فیصلے بلوچستان کے عوام کی تعمیر و ترقی ، خوشحالی اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیرا علیٰ بلوچستان کبھی بھی سوشل میڈیا ناقد نہیں رہے۔انہوں نے بتایا کہ بھرتیوںمیں شفایت کو برقرار رکھا جائے گا اور محکمہ خزانہ میں اے آئی کے ذریعے کابینہ نے خوش آئند قرار دیا ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *