|

وقتِ اشاعت :   October 29 – 2018

گوادر/ اسلام آباد: ء ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی کمیٹی برائے سیاسی امور اور ایشیائی پارلیمان کے قیام کی خصوصی کمیٹی میں شرکت کیلئے پہنچنے والے بین الاقوامی مندوبین کا گوادر پہنچنے پر میرین ڈرائیوکے ساتھ ساتھ سجائی گئیں خوبصورت رنگ برنگی جھنڈیوں کے ذریعے استقبال کیا گیااور جگہ جگہ گوادر پہنچنے والے بین الاقوامی مہمانوں کیلئے خوبصورت روائتی ثقافتی پروگرام ترتیب دیئے گئے تھے۔

مندوبین کی آمد کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔ اتوار کو اس سلسلے میں بین الپارلیمانی یونین جو کہ ایک بہت بڑا پارلیمانی فورم ہے کے سیکرٹری جنرل مارٹن چونگ گانگ اور ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل محمد رضا ماجدی کے علاوہ 50 سے زائد مندوبین اور سینیٹ آف پاکستان کے اراکین گوادر پہنچ گئے ہیں ۔قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی نے گوادر ایئرپورٹ پر ان وفود کا استقبال کیا ۔

اس موقع پر سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز ، سینیٹر کہدہ بابر، سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک ، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر نذیر ، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور گوادر پورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹرز جنرلز اور مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجو د تھے ۔

ایئر پورٹ سے لے کر اجلاس کے مقام تک بین الاقوامی وفود کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں ساحل سمندر کے قریب سے گزارا گیا ۔بین الپارلیمانی یونین کے سیکرٹری جنرل نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا کہ انہیں گوادر کی ثقافت ، معاشرتی خدوخال ، معیشت کے بنیادی عناصر اور ترقی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا ۔ انہوں نے قائمقام صدر محمد صادق سنجرانی کا شکریہ ادا کیا ۔

ترکی ، شام ، قطر، اردن ، بحرین ، انڈونیشیاء ،چین اور دیگر ملکوں کے مندوبین نے بھی گوادر کی ثقافت اور روایات کی تعریف کی اور والہانہ استقبال پر قائمقام صدر اور سینیٹ سیکرٹریٹ کا شکریہ ادا کیا۔ 

مقامی ہوٹل پہنچنے پر وفد کے اعزاز میں ایک مختصر استقبالیہ بھی دیا گیا جس میں گوادر کی ثقافت اور روایات کے مطابق مہمانان گرامی کو گوادر میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی اجلاس میں شرکت پر خوش آمدید کہا گیا۔ گوادر میں ایشیائی پارلیمانی رہنماؤں کے کانفرنس آج گوادر میں شروع ہو گی کانفرنس میں شرکت کیلئے مختلف ممالک سے مندوبین پہنچ گئے گوادر میں ایشیائی کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے حتمی شکل دیدی گئی ۔

ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خرم علی کی سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک سے ملاقات کی ملاقات میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی سیاسی امور کی کمیٹی اور ایشیائی پارلیمان کے قیام کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک نے بتایا کہ انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے کانفرنس کے کامیابی سے انعقاد کیلئے وفاقی ، صوبائی حکومتوں، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بھر پور تعاون مل رہا ہے مندوبین کیلئے تمام انتظامات اور سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔