|

وقتِ اشاعت :   December 9 – 2018

تہران : سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران برادراسلامی روایت، ثقافت اور ہمسائیگی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

ایران و دیگردوست ممالک کیساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،جنوبی ایشیائی ممالک کو اپنے مسائل کو بطور خاص حل کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں کو مزید تیزکرنا ہو گا،مضبوط معیشت کسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی تصور کی جاتی ہے ہمیں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے ذریعے اپنے ممالک کی معیشت کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ 

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یہ بات ایران میں منعقدہ دوسری سپیکرز کانفرنس کے موقع پراپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ملاقات میں دوطرفہ علاقائی سلامتی باہمی دلچسپی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادراسلامی روایت، ثقافت اور ہمسائیگی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ برادراسلامی و دیگردوست ممالک کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ جنوبی ایشیائی کے ممالک کو اپنے مسائل کو بطور خاص حل کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں کو مزید تیزکرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ خطے کے امن اور سلامتی کو بہتر بنانے، علاقائی ترقی اور معیشت کومضبوط کرنے کیلئے خطے کے تمام ممالک کو خصوصی اقدامات اْٹھانے ہونگے۔ 

سپیکر نے کہا کہ مضبوط معیشت کسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی تصور کی جاتی ہے ہمیں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے ذریعے اپنے ملکوں کی معیشت کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکرز کانفرانس جیسے اہم پلیٹ فارم کے ذریعے ہمیں اپنے خطے کے معاشی استحکام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اْٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی خطے کی ترقی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہے ،ناسور کے خاتمے کیلئے خطے کے تمام ممالک کو مشترکہ کوشش کرنا ہو نگی۔ایرانی سپیکرڈاکٹر علی لاریجانی نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا تہران میں منعقدہ سپیکر ز کانفرنس میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ اپنے اپنے قریبی اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی ہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کیساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو جاری رکھنے کا خواہاں ہے،خطے میں سلامتی، علاقائی ترقی اور معاشی استحکام کیلئے ایران پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ اپنے قریبی روابط کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں امن کے قیام،علاقائی ترقی اور معیشت کی بہتری کیلئے تمام ممالک کو پارلیمانی اور سفارتی شعبوں میں مزید تیزی لانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی خطے کی ترقی کے لیے سب سے بڑا خطرا ہے اس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔