|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2018

کوئٹہ: کراچی، راولپنڈی اور لاہور کے بعد اب کوئٹہ میں بھی بغیر ہیلمٹ موٹر سائیكل سواروں كو پیٹرول نہیں ملے گا۔

ایس پی ٹریفک کوئٹہ كی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فكیشن کے مطابق شہر میں موٹر سائیکل سواروں پر ہیلمٹ پہننے كی پابندی كو یقینی بنانے كے لئے پیٹرول پمپ مالكان كو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔

 ایس پی ٹریفک پولیس ملک محمد جاوید كا كہنا تھا كہ شہر میں آئے روز موٹر سائیكل حادثات رونما ہوتے ہیں جن سے قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں، اس وجہ سے ٹریفک حكام نے ہیلمٹ نہیں پہننے والوں کو پیٹرول دینے پر پابندی لگائی ہے لیكن شہریوں كا اس حكم پر عمل درآمد غیر یقینی تھا، اب ہم نے بغیر ہیلمٹ كے موٹر سائیكل سواروں كے لئے پیٹرول پمپ مالكان كو مراسلہ ارسال كیا ہے جس سے موٹر سائیكل سوار ہیلمٹ کی پابندی یقینی بنائیں گے۔

دوسری جانب شہریوں نے ٹریفک حكام کے اس فیصلے كا خیر مقدم كرتے ہوئے كہا كہ ہیلمٹ كے استعمال سے لوگوں كی زندگیوں كو تحفظ حاصل ہوگا جو كہ ٹریفک حكام كی طرف سے اچھی كاوش ہے۔