|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ انڈسٹریل کی حدود زرغون روڈ پر واقع الخیر اسپتال کے باہر نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کرکے افغانستان کے رہائشی محمد اسلم ولد عبدالغفور ہوتک کو سر میں ایک گولی مار کر قتل کردیااور فرار ہوگیا۔ مقتول کی لاش سول اسپتال لائی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول اپنی اہلیہ ڈاکٹر کو دکھانے کے لئے اسپتال آیا تھا۔ دریں اثناء پشتون آباد تھانہ کی حدود عثمان آباد میں نامعلوم افراد نے احمد اللہ ولد فضل محمد توخئی کو گھر کے قریب فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ زخمی کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹر کے مطابق زخمی کو ران میں دو گولیاں لگی ہیں۔ فائرنگ کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔