کراچی: کل بروز جمعرات ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک اٹھارہ برس کے طالبعلم اور ایک پولیس کے محافظ کی جان چلی گئی، جبکہ ایک پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ اور ایک اور نوجوان لڑکا زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ہلاکت خیز فائرنگ کا یہ واقعہ ڈی ایچ اے فیز فائیو، خیابان شمشیر پر سلیمان لاشاری کے بنگلے پر پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجونواں کے درمیان معمولی بات سے شروع ہونے والے جھگڑے کا یہ نتیجہ نکلا۔
اس واقعہ نے ڈیفنس سوسائٹی میں 2012ء کے دوران ہونے والے ایک نوجوان طالبعلم شاہ زیب خان اور 2013ء میں ایک سینما کے گارڈ کے قتل کی یاد تازہ کردی۔
کلفٹن پولیس کے ایس پی عبادت نثار کے مطابق ایس پی غلام سرور ابڑو کا بیٹا اٹھارہ برس کا نوجوان سلمان ابڑو اپنے والد کے پانچ پولیس گارڈ کے ہمراہ لگ بھگ رات دو بجے غلام مصطفٰے لاشاری کے بیٹے سلیمان لاشاری کے بنگلے پر پہنچا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ نتیجے میں سلیمان لاشاری موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ جبکہ بنگلے کا سیکیورٹی گارڈ غلام علی جان زخمی ہوا۔
ملزمان یہ کارروائی کرنے بعد جب باہر نکلنے لگے تو اس بنگلے پر تعینات سیکیورٹی گارڈ نے ان پر فائر کھول دیا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار ظہیر احمد اور ایس پی سرور ابڑو کا بیٹا سلمان ابڑو زخمی ہوگئے۔
پولیس اہلکار بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جبکہ سلمان ابڑو ہسپتال میں زیرِ علاج ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ایس پی سرور ابڑو سکرنڈ پولیس ٹریننگ سینٹر میں تعینات ہیں، ان کے بیٹے سلمان ابڑو کی اپنے پڑوسی سلیمان لاشاری سے معمولی بات پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد وہ اپنے گھر کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سلیمان لاشاری کے گھر پہنچا اور فائرنگ کردی۔ سلیمان لاشاری کے سر میں براہ راست گولی لگی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
مقتول کے بھائی ذیشان مصطفٰے کی مدعیت میں درخشاں پولیس اسٹیشن پر درج کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چند روز قبل سی ویو پر ہونے والی ایک کار ریس پر ان کے بھائی اور سلمان ابڑو کے درمیان لڑائی ہوئی تھی۔
درخشاں پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او زوار حسین کا کہنا ہے کہ چاروں پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر ان کااسلحہ ضبط کرلیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ایک ویگو گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
جب ان نوجوانوں کے خاندانوں سے رابطہ کیا گیا تو وہ اس واقعے کے بارے میں بات کرنے سے گریزاں تھے۔
تاہم ذیشان مصطفٰے نے ڈان کو بتایا کہ ان کے بھائی سینٹ مائیکل اسکول میں اے لیول کے طالبعلم تھے ۔ جمعرات کی صبح ان کا انگلش کا امتحان تھا، کہ چند گھنٹے پہلے ان کا قتل ہوگیا۔
دوسری جانب زخمی ملزم سلمان ابڑو کے چچا یوسف ابڑو جو نواب شاہ کے ایک پولیس افسر ہیں، کا کہنا تھا کہ سلمان کے والد سرور ابڑو جب شہر آئیں گے تو وہی اس واقعے کے حوالے سےمیڈیا سے بات کریں گے۔