کوئٹہ : وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دل بلوچستان کے ساتھ دھڑکتا ہے کیونکہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بلوچستان کے موسم سے متاثر ہونے والے علاقوں کے لوگوں کی داد رسی کے لیے کوئٹہ پہنچی ہوں، صدر ٹرمپ کا مسئلہ کشمیر پربار بار ثالثی کی پیشکش دہرانا پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کی طرف اہم پیش رفت ہیں اورموثر خارجہ پالیسی کی بدولت دنیا اس حقیقت سے آگاہ ہوچکی ہے کہ مسئلہ کشمیر تصفیہ طلب اور متنازع مسئلہ ہے اور عالمی محاذ پر اس کو حل کرنے کے لیے ڈائیلاگ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ ائرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل،پاکستان تحریک انصاف کے رکن بلوچستان اسمبلی مبین خان خلجی،ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سردار خان رند،آصف ترین،سردار خادم حسین وردگ،ادریس بڑیچ،ملک عادل خان بازئی اور دیگر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فرودس عاشق اعوان نے کہا کہ زیراعظم عمران خان کا دل بلوچستان کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے جنہوں نے ہمیشہ بلوچستان کو ایک قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ سمجھتے ہوئے اس کو کلیدی پارٹنر اور اپنے وجود کے اہم حصے کے طور پرسمجھا ہے اس لیے وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی کو ہمیشہ پاکستان کی ترقی سے جوڑتے ہیں کیونکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہی ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشرایات ڈاکٹر فرودوس عاش اعوان نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ برف باری اور بارشوں سے جو قیمتی جانیں ضائع ہوئی اور ہماری بے شمار بہنیں اور بچے زخمی ہوئے ہیں،وفاقی حکومت نے صوبے کے کم وسائل کی وجہ سے بروقت ریلیف دستیاب نہ ہونے پراین ڈی ایم اے کو متحرک کردیا اور این ڈی ایم اے کی بروقت کارروائیوں سے کئی انسانی جانوں کو بچانے اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے این ڈی ایم اے نے صوبائی حکومت سے ملکر اپنا موثر کردار ادا کیا۔اس سلسلے میں آج وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے جس پیکج کا اعلان کیاتھا۔
اس کو صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر عمل درآمد کے حوالے سے حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت کی جائیگی اور برف باری اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے ساتھ زخمیوں اور مکانات گرنے کے نقصانات کے ساتھ تباہ ہونے والے انفراسٹکچر کی بحالی کے لیے این ڈی ایم اے اور وفاقی حکومت کے کردار کو آگے برھانے کے ساتھ صوبائی حکومت کی باقی ضروریات کا احاطہ کرینگے چونکہ بحیثیت معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات ونشریات کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد پہلی بار کوئٹہ آئی ہوں اس لیے یہاں کے مقامی میڈیا کے مسائل کو سننے کے لیے میڈیا ورکرز کے ساتھ کوئٹہ پریس کلب میں تفصیلی سیشن ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کے لیے ایک ہی پیغام لے کر آئی ہوں کہ وزیراعظم عمران خان ڈویوس میں ہے اور وہاں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں ایک دفعہ پھر صدر ٹرمپ کا پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے اپنے آپ کو پیش کرنا اس بات کی غمازی اور اشارہ کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مسئلہ کے کشمیر کے حوالے سے دنیا کو جس طرح جگایا ہے۔
ان کی ضمیر کو جھنجوڑا ہے اور صدر ٹرمپ کا بار بار ثالثی کی پیشکش دہرانا کامیاب سفارت کاری کی طرف اہم پیش رفت ہے اور یہ اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ دنیا اس حقیقت سے آگاہ ہوچکی ہے کہ مسئلہ کشمیر تصفیہ طلب اور متنازع مسئلہ ہے اور عالمی محاز پر اس کو حل کرنے کے لیے ڈائیلاگ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہندوستان کے جبراور ریاستی دہشتگردی کے باوجود بھارت کشمیریوں کے آواز کو دبانے میں ناکام رہا ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کشمیریوں کی آواز بن کرہر بین الاقوامی فورم پرکشمیریوں کا مقدمہ احسن انداز میں لڑا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی ڈویوس میں عالمی اقتصادی فورم پر امریکی صدر سے ملاقات کامیاب رہی اورڈیوس میں امریکی صد ٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے ایک نئی جہد اور کمٹمنٹ نظر آئی کیونکہ وزیراعظم عمران خان دنیا بھر میں کے رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں میں کسی سے امداد کی بات نہیں کررہے ہیں کیونکہ ہمارا ٹارگٹ امداد نہیں بلکہ باہمی تجارت کافروغ ہے اور وزیراعظم عمران خان نے دنیابھر کے جن رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے۔
وہ پاکستان کا درخشاں اور روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کررہے ہیں،وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فرودوس عاشق اعوان نے بلوچستان میں صحافیوں کے کردار کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے اندر مشکل حالات میں صحافیوں نے جس طرح اپنے جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کردار ادا کیا ہے اور صوبے میں امن کی شمع کو روشن کرنے کے لیے اپنے خون سے دیے جلائے ہیں ہم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافی برادری سے تفصیلی ملاقات اور ان کے مسائل جاننے کا موقع ملے گا۔