|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2014

شمالی وزیرستان: پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے جاری پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب کے دوران تازہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں 35 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کی صبح دتہ خیل کے شمال مغرب میں دہشت گردوں کے تین مبینہ ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کی مدد سے بمباری کی گئی۔ آج کی گئی تازہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں 35 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو ئے ہیں، جو شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے فرار ہو کر یہاں پناہ گزین تھے۔ نمائندہ ڈان ڈاٹ کام کے مطابق ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرودں کی شناخت کے حوالے سے بھی جلد معلومات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔   گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور مبینہ دہشت گردوں کے مابین جھڑپ ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک اہلکاراور ایک سویلین اہلکار جبکہ چھ مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے لیے پاک فوج کا آپریشن جاری ہے۔