|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2020

ابتدا میں کورونا نے جب چین میں پنجے گاڑے تو ہم دیسی لوگ ٹھٹھا کر نے لگے کم بخت چائینز حرام کھاتے ہیں اس وجہ سے اس مرض کا شکار ہوئے ہیں ہمارے تو گماں میں بھی نہ تھا کہ یہ ان دیکھا وائرس سبک رفتاری سے دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے گا اور بڑا سم قاتل ثابت ہو گا۔قیاسات و شبہات کا عنصر تو انسانی فطرت کا حصہ ہے،ہماری دانست کسی بھی بات کو اتنی آسانی سے نہیں سمجھتی اور نہ ہی تسلیم کرتی ہے۔پہلے تو ہم نے کورونا کو بدیسی بیماری تصور کرنے لگے ہمارا اس سے کا ہے کا تعلق؟ہم سے کیا پلے باندھنا،جن کے ہاں تخلیق ہوئی ہے انہی کے گلے پڑے گی۔

ان کے دست و گریباں ہوگی،یہ سب باتیں اپنی جگہ ٹھیک تھیں کیونکہ کورونا سے ہمارا واسطہ غالباً خال خال نظر آ رہا تھاپھر اچانک پاکستان میں ماہ فروری میں جب کورونا کا پہلا مصدقہ کیس سامنے آیا تو لوگ سراسیمہ ہوگئے،کھلبلی مچ گئی۔پھر وہ من گھڑت باتیں اور تاویلیں بھی آشکار ہوئیں،پتہ چلا کہ کورونا کا تو کوئی مذہب نہیں وہ تو حلال حرام میں بھی تمیز نہیں کر رہا۔اس ان دیکھے وائرس کا شکار کوئی بھی کسی وقت بھی ہو سکتا ہے۔پاکستان میں لوگ اس وباء سے خائف تو ضرور تھے مگر معمولات زندگی کو بھی بر قرار رکھا ہوا تھا سب کچھ پہلے کی طرح چل رہا تھا کیونکہ بنسبت دیگر ممالک کے پاکستان میں متاثرین کا تناسب کم تھا۔

پھر جب کورونا برق رفتاری سے بڑھنے لگا تو حکومت نے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا،لوگ کئی دنوں تک گھروں میں بیٹھے رہے کہ کہیں خطرہ ٹل جائے لیکن لاک ڈاؤن کی ہر ڈیڈ لائن کے بعد دوسری ڈیڈ لائن ملتی رہی۔ کورونا اپنی روش بدلنے کو تیار ہی نہیں۔لاک ڈاؤن ایس او پیز سب دھرے کے دھرے رہ گئے اب معاشی پہیہ چلانا بھی تو لازمی تھا کب تک ہم کورونا کے معدوم ہونے تک پیٹ کاٹتے اور کم بخت سب سے بڑی بیماری تو بھوک ہے، سو عید کے قریب آتے ہی لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا گیا لوگوں کے ایک اژدھام نے بازاروں کا رخ کیا۔

ایک دم یوں لگا کہ باڑ سے بھیڑوں کو نکال دیا گیا ہو، ایس او پیز کی تو دھجیاں اڑائی گئیں،ایک جان پہچان والے دکاندار نے بتایا کہ ماضی کی عیدوں سے اس عید پہ اس نے زیادہ کمایا ہے لوگوں نے جو لاک ڈاؤن کے دوران پیسے جمع کر رکھے تھے اسے بے دریغ لٹایا۔عید کے ان تینوں دنوں میں لوگوں کا رش معمول سے زیادہ رہا۔نتیجتاً کورونا سبک رفتاری سے پھیلنے لگا۔ اب بعض کہتے ہیں کہ کوئی راہ بھی تو نہیں کہ ہم کب تک خود کو گھروں میں قید رکھیں ان کی بات اپنی جگہ صائب ہے لیکن احتیاط بھی ضروری ہے کیونکہ کورونا ابھی گیا نہیں،وہ ابھی تک ہمارے مابین ہے۔ ہم شتر بے مہار بازاروں کو لتاڑنے سے اجتناب کریں جس طرح بے احتیاطی ایامِ عید میں اپنائی گئی پھر نتیجہ بھی ہمارے سامنے ہے۔لوگوں میں واقعی وہ پہلے سی جھجھک نہیں رہی،کورونا کا خوف ان کے من سے نکل چکا ہے۔

وہ اب زندگی کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ہم اس حقیقت سے نظریں نہیں چرا سکتے کہ پوری دنیا کورونا کی وباء کا شکار ہے، تاحال اس سے بچاؤکے لیے کوئی دوا یا ویکسین تیار نہیں کی جاسکی ہے۔سوشل میڈیا سے لے کر عام آدمی کی بیٹھک میں موضوع سخن تو کورونا وائرس ضرور ہے، لیکن جس طرح لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ہم نے احتیاطی تدابیرکونظراندازکیا وہ انتہائی افسوسناک عمل ہے۔ عیدگزرے چند دن ہوئے ہیں، شاپنگ کے دیوانوں نے جس طرح احتیاطی تدابیر کو اپنے پاؤں تلے روندا، اس کے انتہائی بھیانک نتائج ہمارے سامنے آرہے ہیں۔

ہمارے عوام میں یہ شعور بیدار کیا جانا چاہیے کہ ہمارا ملک بحرانی کیفیت سے دوچار ہے، ایمرجنسی جیسی صورتحال ہے لہذا ہمیں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔اس بحرانی کیفیت اور وباء سے نمٹنے کے لیے پوری قوم کو ایک پیج پر آنا ہو گا تب جا کر اس وباء کا قلع قمع کرنے کا تصور ممکن ہو سکتا ہے۔اگر صورتحال اور ہماری روش بدستور معمول کی رہی تو سخت لاک ڈاؤن تو بنتا ہے پھر حکومت کا کیا دوش۔۔