|

وقتِ اشاعت :   November 24 – 2014

کراچی: سندھ کی مختلف سیاسی جماعتوں نے سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی پراسے تنقید کا نشانہ بتائے ہوئے صوبے میں ایک نیا اتحاد بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کی رہائش گاہ پر مختلف سیاسی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں الہیٰ بخش سومرو،غوث علی شاہ، لیاقت جتوئی اور پیر صدرالدین شاہ نے شرکت کی، اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ارباب غلام رحیم کا کہنا تھا کہ سندھ میں ڈاکوؤں کا راج ہے، موجودہ حکومت نے تھر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا جب کہ صوبے میں کرپشن عروج پر ہے اور جس کا جی چاہتا ہے زمینوں پر قبضہ کرلیتا ہے۔ اس موقع پر لیاقت جتوئی کا کہنا تھا کہ سندھ کے حکمرانوں نے عوام کے ساتھ جو کیا وہ سب کے سامنے ہے، صوبے کے عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں لیکن وزیر اعلیٰ  قائم علی شاہ کی سندھ کی ترقی کے حوالے سے دعوے  سمجھ سے بالاتر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی عوام دشمن پالیسی سے مجبور ہوکر نیا اتحاد بنانا پڑا۔