شمالی وزیرستان: پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران حالیہ فضائی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے کم از کم 18 مبینہ شدت پسندوں کو ہلاک کردیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے مدہ خیل میں شدت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
جمعرات کو کی گئی اس کارروائی کے نتیجے میں 18 مبینہ شدت پسندوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں سیکیورٹی فروسز نے شدت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں پر بمباری کر کے 15 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا۔
حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب شروع کیا تھا۔
شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔
تاہم علاقے میں آزاد میڈیا کی رسائی نہ ہونے کی وجہ سے تمام تر تفصیلات آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کی جاتی ہیں۔