کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں عوام کے لئے نہیں بلکہ اپنی مفادات کے لئے اکھٹی ہوئی ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے بلکہ انہوں نے کھیلوں میں ملکی و بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ میں آل بلوچستان شہید نوابزادہ سراج خان رئیسانی سنوکر ٹورنامنٹ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں نے ہمیشہ صوبے اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ یہاں کے کھلاڑیوں اور نوجوان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے انہیں مواقع اور پلیٹ فارم فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لئے وہ اقدامات نہیں اٹھائے جاسکے ہیں۔
جو اٹھانے چاہیے تھے۔ منظور احمد کاکڑ نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں عوام کے لئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن چھپانے اور مفادات کے حصول کے لئے اکھٹی ہوئی ہیں ان جماعتوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے ٹورنامنٹ کمیٹی کے لئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا اور ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔