کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو زراری کے بیانیے کی بھر پور انداز میں تائید اور انکے ساتھ کھڑی ہے پیپلز پارٹی اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی کی حمایت نہیں کرتی بلکہ اداروں کو مضبو ط کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا پارٹی کا وژن ہے۔یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔
حاجی علی مدد جتک نے پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے بیانیے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے تاریخی طور پر ملک میں جمہوری انداز میں سول حکمرانی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کردار ادا کیا ہے،پارٹی نے ہمیشہ یہ موقف رکھاکہ ٹکراؤ کی پالیسی سے ہمیشہ ملک کونقصان پہنچا ہے پیپلز پارٹی کے ہمیشہ ملکی مفاد میں اداروں کے خلاف بات کرنے سے گریز کیا ہے۔
جبکہ ملک میں اصلاحات لاتے ہوئے بہتری کی کوشش کی، پارٹی کا وژن ہے کہ اداروں کو مضبوط بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامز ن کیا جائے، انہوں نے کہا کہ چیئر مین بلاول بھٹو نے سمجھدارانہ سوچ کا عندیہ دیتے ہوئے موجودہ سیاسی صورتحال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے انہوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ ملک کے مستقبل کے لئے فکر مند ہیں ملک کی قیادت کرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ملک میں بڑھتی مہنگائی اور گرتی معیشت کا سبب پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت کا جلد ہی خاتمہ ہوگا اور پیپلز پارٹی ایک بار پھر غریب عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی کے لئے عوامی طاقت سے برسراقتدار آئیگی۔