|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2020

کوئٹہ: ۱ میرجماعت اسلامی صوبہ بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ صوبائی اور وفاقی حکومت بحرانوں کے خاتمے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے قومی پالیسی بنائے مگر حکمرانوں کے بے حس رویے نے ملک کو قوم کو شدید مایوس کیا ہے۔حکمران طبقہ کسی بھی حوالے سے قوم کو ریلیف نہیں دے رہا مہنگائی بے روزگاری اور بحرانوں ومافیازنے قوم کی زندگی اجیرن بنادی ہے جماعت اسلامی قوم کو مسائل ومشکلات اور پریشانیوں کے دلدل سے نکال لیگی۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے بلوچستان کو نظرا ندازکر دیا صوبائی حکومت میں شامل پارٹیاں پراپرٹیاں بنانے میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے عوام مشکلات وپریشانیوں کا شکار ہیں۔ ملک میں آئین وقانون اور جمہوریت کی بالادستی ترقی کی ضامن ہے۔تمام ترقی یافتہ ممالک نے اسی راستے پر چلتے ہوئے دنیامیں اپنا لوہامنوایا۔ملکی حالات کی بے یقینی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔

حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں نے ملکی معیشت کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پیچیدہ حالات کوسلجھانے،عوام مسائل کو اجاگراورحل کرنے کے لئے جماعت اسلامی عوامی سیاسی جدوجہد کرر ہی ہے قوم نے سب کو آزمالیا اب جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ جماعت اسلامی اوردیگر نام نہاد جمہوری قوم پرست اور مذہبی جماعتوں کی اصلیت کا معلوم ہوسکیں۔

جماعت اسلامی دعوے واعلانات نہیں عملی کام کر رہی ہے انشاء اللہ جماعت اسلامی ہی قوم کو تباہ کرنے والوں سے حساب لیگی۔ تمام سیاسی جماعتیں اپنامثبت کردار اداکریں۔ملک کی موجودہ سنگین صورتحال کے باعث پوری قوم اور بیرون ملک آباد پاکستانی بے انتہا پریشان ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں برسوں سے جاری کرپٹ نظام کو ختم کرنے کا وقت آن پہنچاہے۔

مٹھی بھر اشرافیہ پورے ملک پرقابض ہے 73برس سے جاگیرداروں،وڈیروں اور سرمایہ داروں نے عوام کو یرغمال بنایاہواہے ناقص حکومتی پالیسیوں کی بدولت غریب غریب تر اور امیر امیر ترہوتا چلاجارہاہے۔