|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2020

کوئٹہ: چشمہ اچوزئی کوئٹہ کے مقامی قبائل کے معتبرین نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ چشمہ اچوزئی میں مقامی قبائل کی جدی پشتی اراضیات پر قبضہ و لینڈ مافیا کے ناجز قبضے اور گزشتہ روز ان پر بلاجواز فائرنگ اور پتھراؤ کرکے درجن بھرافرادکو زخمی کرنے اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے والوں کو گرفتار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ملک عنایت کاسی، پروفیسر حنیف، حضر ت افغان، ثناء اللہ، یوسف خان کاکڑ ودیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چشمہ اچوزئی کے قبائل صدیوں سے اپنے آبائی زمینوں پر آباد، خوشحال اور پر امن زندگی گزاررہے ہیں یہ اراضی کاسی اور کاکڑ قبیلے کی جدید پشتی ملکیت ہے تاہم مذکورہ اراضی کے کچھ حصوں پر عرصہ دراز سے خانہ بدوش محسن کے اعتبار سے سردیوں میں سبی وغیرہ اور گرمیں یہاں آکر رہائش پذیر ہوتے ہیں لیکن بعد میں خانہ بدوشوں نے لینڈ مافیا اور قبضہ مافیا کی سرپرستی میں قبضہ شروع کیا اور گزشتہ دو ہفتوں سے لینڈ مافیا کے مشہور گروپوں کے ساتھ ملکر قبضے کو توسیع دینے کیلئے زمینداروں کی خالی زمینوں پرقبضے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

جب زمیندار اپنی اراضی کا معائنہ کرنے کیلئے گئے تو وہاں پرلینڈ مافیا اور جرائم پیشہ افراد جو خود کار ہتھیاروں سے لیس تھے نے زمینداروں پر بلا جواز زمینداروں پر فائرنگ اور پتھراؤ کی جس سے درجن بھر افراد کو چوٹیں آئی اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے معزز عدالت اور ثالثی جرگے جو علاقے کے معتبرین پر مشتمل تھا نے مقامی زمیندوں کے حق میں فیصلہ دیا اور ساتھ ہی عدالت عالیہ نے حکم صادر کیا کہ فوری طور پر اراضی کو واگزار کرا یا جائے۔

واقعہ کے روز بھی مقامی زمینداروں نے کمشنر کوئٹہ اور ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کررہے تھے جس کے رد عمل میں لینڈ مافیا نے پر امن لوگوں پر حملہ کیا انہوں نے کمشنر کوئٹہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایف آر میں نامزد ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قابضین سے ہماری اراضی واگزار کرائیں۔