|

وقتِ اشاعت :   November 10 – 2020

کوئٹہ: صوبائی مشیر برائے فشریز میر حاجی اکبر آسکانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بہت جلد کیچ کے برطرف اساتذہ کو بحال کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کیچ کے برطرف اساتذہ کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں اساتذہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کیچ کے صدر اکبر علی اکبر بھی موجود تھے۔ میر محمد اکبر آسکانی نے علامتی بھوک ہڑتال پر بیٹھے اساتذہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہر صورت میں برطرف اساتذہ کو بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلی بلوچستان سے ملاقات کے بعد برطرف اساتذہ کے کیمپ پہنچے ہیں جنہوں نے انہیں یقین دلایا ہے کہ بہت جلد برطرف اساتذہ کو بحال کیا جائے گا۔

اس موقع پر جی ٹی اے بی کیچ کے صدر اکبر علی اکبر نے کہا کہ جی ٹی اے بی کے دوستوں اور برطرف اساتذہ کی جد وجہد اور قربانی ضرور رنگ لائے گی تاہم ان کا احتجاج بحالی کے آرڈرز کے اجرا تک جاری رہے گا۔

واضح رہے کیچ کے برطرف اساتذہ کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ 16 ویں روز بھی جاری رہا جس میں خواتین اور مرد اساتذہ کے کے ساتھ ان کے بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھیں۔