تربت: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر کہدا اکرم دشتی نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک قومی پارٹی ہے اور لاکھوں افراد کی امیدیں نیشنل پارٹی سے وابستہ ہیں نیشنل پارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کو چاہیے کہ اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کرکے اپنے نمائندوں کو منتخب کریں کیونکہ دھندلی کے ذریعے آنے والے نمائندوں کا اپنا مخصوص ایجنڈا ہوتا ہے اور آقاؤں کے حکم سے چلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1996 کے بعد دشت میں نیشنل پارٹی حکومت میں نہیں رہی ہے اگر نیشنل پارٹی حکومت میں ہوتی تو یہاں ہر طرف لوگ بنیادی سہولیات سے محروم نہ ہوتے بلکہ ایک خوشحال زندگی گزار رہے ہوتے انہوں نے کہاکہ 1996 کے بعد موجودہ محرومیوں کا ذمہ دار سابقہ اور موجودہ نمائندے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے گزارش کرتا ہوں کہ آئیں نیشنل پارٹی میں شامل ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں شمولیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ماسٹر ولی محمد نے کہا کہ ایک عرصے تک بی این پی مینگل سے وابستہ رہا ہوں بی این پی مینگل کے لیے دن رات محنت کر کے پارٹی کو منظم کیا، لیکن بی این پی مینگل اور اسکی قیادت کو عوام سے اور عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔
یہ صرف اور صرف بڑے بڑے دعوے اور وعدوں تک محدود ہیں. الیکشن کے وقت غریب عوام کو سبزباغ دکھا کر بعد میں کوئی حال تک نہیں پوچھتا. اب عوام میں سیاسی شعور بیدار ہو چکی ہے وہ جانتے ہیں کون انکو دھوکہ دے رہا ہے اور کون انکے نسلوں مستقبل کے لیے کام کر رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی ہی واحد پارٹی ہے جو عوام کی خوشحالی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور نیشنل پارٹی میں کارکنوں کی بڑی اہمیت ہے۔
نیشنل پارٹی پورے بلوچستان کی آواز ہے اور صحیح معنوں میں قوم کی ترجمانی کر رہی ہے اس لیے بی این پی مینگل کو چھوڑ کر اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں اور تمام باشعور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ نیشنل پارٹی میں شمولیت کرکے اس جدوجہد کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ بلوچ وبلوچستان کی خوشحالی یقینی ہو اس موقع پر نیشنل پارٹی کیچ کے ضلعی صدر محمد جان دشتی، نیشنل پارٹی تحصیل دشت کے تحصیل صدر کہدا عزیز احمد دشتی اور ڈاکٹر سجاد بھی موجود تھے۔